نئی دہلی،14/دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) دہلی اسمبلی انتخابات کے قریب آتے ہی انتخابی سرگرمیاں تیز ہوتی جا رہی ہیں۔عام آدمی پارٹی عوام کے درمیان جاکر اپنے کام کی بنیاد پر ووٹ مانگنے کی بات کہہ رہی ہے۔اب آپ نے اسمبلی انتخابات کے لئے ملک کے مشہور پیشہ ورانہ سیاسی حکمت عملی بنانے والے اور جنتا دل یونائٹیڈ پارٹی کے قومی نائب صدر پرشانت کشور سے ہاتھ ملایا ہے۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سنیچر کی صبح اس کی جانکاری دیتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ انڈین پولیٹکل ایکشن کمیٹی (I-PAC) ہمارے ساتھ آ رہی ہے۔واضح رہے کہ I-PAC پرشانت کشور کی ایجنسی ہے جو باضابطہ طور پر سیاسی پارٹیوں کی انتخابی تشہیرکرتی ہے۔یعنی دہلی اسمبلی انتخابات میں پرشانت کشور عام آدمی پارٹی کے لئے انتخابی تشہیر کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پرشانت کشور اور اروند کیجریوال کی بات چیت بہت طویل عرصے سے چل رہی تھی۔ کیجریوال اور کشورنے اس وقت باضابطہ طور پر ہاتھ ملایا ہے، جب کشور اپنی پارٹی جنتا دل یونائٹیڈ کے عوامی طور پر شہریت ترمیم بل پر مخالفت کر رہے ہیں اور سوال بھی اٹھا رہے ہیں۔فی الحال یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ پرشانت کشور جنتا دل یونائٹیڈ میں کب تک رہتے ہیں۔غور طلب ہے کہ پرشانت کشور نے 2014 میں نریندر مودی کے لئے انتخابی تشہیر کی تھی اور نریندر مودی مکمل اکثریت کے ساتھ ملک کے وزیر اعظم بنے تھے۔کشور نے 2015 میں نتیش کمار کے لئے انتخابی تشہیر کی تو نتیش کمار مہاگٹھ بندھن میں بڑی اکثریت کے ساتھ وزیر اعلی بنے۔2017 میں پنجاب کانگریس کے لئے تشہیر کی تو کیپٹن امریندر سنگھ تقریبا دو تہائی اکثریت کے ساتھ وزیر اعلی بنے۔2019 میں آندھرا پردیش میں جگن موہن ریڈی کے لئے کام کیا تو اکثریت کے ساتھ وزیر اعلی بنے۔ پرشانت کشور نے 2017 میں اتر پردیش کانگریس کے لئے بھی تشہیر کی تھی لیکن بعد میں کانگریس نے سماج وادی پارٹی سے ہاتھ ملا لیا۔جس کے بعد کانگریس کو اس کی تاریخ کی سب سے کراری شکست اور سب سے کم سیٹ دیکھنے کو ملی۔صرف یوپی کو چھوڑ کر کشور نے ہر جگہ جس کے لئے کام کیا اس کی حکومت بنی۔اس وقت وہ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔